اوکاڑہ؛پروبیشن پررہا کیے گئےملزمان کی ذہن سازی کرکے انھیں معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے،ایڈیشنل سیشن جج مسرور انور

15

اوکاڑہ،12نومبر(اے پی پی ): ایڈیشنل سیشن جج مسرور انور کی زیر صدارت ضلع اوکاڑہ کی این جی اوز کے عہدیداران اور ممبران کے ساتھ قیدیوں کی بحالی میں ان کی مدد کے لیے ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسرخاور وحید کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے کے حوالہ سے اجلاس ڈسٹرکٹ کورٹس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسرنے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ معمولی جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کے لیے این جی اوز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،پروبیشن پر رہا ہونے والے ملزمان کی حاضری کو بھی مانیڑ کیا جاتا ہے، ضلع کی ممتاز این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ قیدیوں کی بحالی کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کیے جارہے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج مسرور انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معمولی جرائم میں پروبیشن پر رہا کیے گئے ملزمان کی ذہن سازی کر کے انہیں جرائم کی دنیا سے نکال کر معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے، پروبیشن پیریڈ کے دوران قیدیوں کی ذہنی صحت ، سماجی ضروریات کی تشخیص بھی شامل ہوتی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج مسرور انور نے این جی اوز کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پروبیشن آفیسراور سماجی تنظیمیں مل کر معمولی جرائم میں ملوث پروبیشن پر رہا کیے گئے افراد کی بہتری کے لیے بھر پور اقدامات کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر سوشل ویلفیئر آفیسر اوکاڑہ چودھری ابرار علی بھی موجود تھے۔بعد ازاں این جی اوز کے عہدیداران نے ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر خاور وحید کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔