جیکب آباد؛ غیر قانونی طور پر مقیم  غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے کا عمل جاری

15

 جیکب آباد ،8 نومبر( اے پی پی ):سندھ بھر سے غیر قانونی طور پربھیجے گئے غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کا عمل تیزی سے جاری ہے ، سندھ کے مختلف اضلاع سے 142 غیر ملکیوں کا قافلہ جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ ہولڈنگ کیمپ پر پہنچا، ہولڈنگ پوائنٹ پر کھانے پینے اور طبی سہولیات سمیت دیگر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں جس کے بعد ہولڈنگ پوائنٹ پر بھیجے گئے 142 غیر ملکیوں میں سے 141 کو سخت سکیورٹی میں چمن بارڈر پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی درخواست پر 142 غیر ملکیوں میں ایک 16 سالہ نوجوان کو چھوڑ دیا گیا ہے،محکمہ داخلہ کی ہدایت پر لاڑکانہ کے کمشنر کی جانب سے اسے اپنے ملک نہیں بھیجا گیا، کیونکہ نوجوان کے والدین افغان پناہ گزین ہیں اور نوجوان کا ڈیٹا پاکستان میں دستیاب نہیں ہے، اس لیے نوجوان کوفی الحال ہولڈنگ پوائنٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جیکب آباد دادلو خان زہرانی نے اپنے وطن واپس جانے والے پردیسیوں کے قافلے کو رخصت کیا اور ان میں کھانے پینے اشیاءتقسیم کیں۔

اس حوالے سے پردیسیوں نے وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ ہولڈنگ پوائنٹ پر پہنچنے پر جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ان کے ساتھ بہترین سلوک کیا ہے اور ان کی مہمان نوازی کی ہے,خوراک اور میڈیکل سمیت تمام سہولیات فراہم کیں جس کے لیے ہم حکومت پاکستان کے بے حد مشکور ہیں، آخر میں وطن واپس جانے والے پردیسیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔