سیالکوٹ،9نومبر(اے پی پی):شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی جائے پیدائش اقبال منزل میں علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم پیدائش روایتی و ملی جوش و جذبےکے ساتھ منایا گیا، دن کا آغاز مساجد میں امن، ملکی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
علامہ محمد اقبال کے 146ویں یوم پیدائش پر مرکزی کیک کاٹنے کی تقریب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ریونیو محمد اقبال سکھیرا کی زیر صدارت اقبال منزل سیالکوٹ میں منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ریونیو محمد اقبال سکھیرا نے یوم اقبال کے موقع پر کیک کاٹا۔
اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سکھیرا نے عظیم شاعر، فلسفی علامہ محمد اقبال (سیالکوٹ کی مٹی کے فرزند) کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے علامہ محمد اقبال کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نےکہا کہ اقبال سے محبت اور عقیدت کا بہترین اظہار ان کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفہ خود انحصاری سے متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
اے ڈی سی ریونیو کا کہنا تھا کہ آج یہاں اقبال منزل سیالکوٹ (علامہ اقبال کی جائے پیدائش) میں منعقدہ نمائش میں حاضرین نے اقبالیات سے متعلق کتابوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اقبالیات پر کچھ نایاب کتابیں اور علامہ محمد اقبال، ان کے والدین اور خاندان کے افراد کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں۔











