قائد اعظم کے نظریہ کے مطابق عوامی رائے سے فیصلے ہونے سے ہی ملک کی تقدیر بدلے گی؛استحکام پاکستان تحریک

10

دریاخان8نومبر(اے پی پی): استحکام پاکستان تحریک کے مرکزی صدر احمد کلیم اور  سینئر نائب صدر ایمن جاوید نے کہا ہے کہ ملک کی تقدیر صرف اُس صورت میں بدلے گی جب قائد اعظم کے نظریہ کے مطابق جمہوریت اور عوامی رائے سے فیصلے ہوں گے۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان نے ہماری پارٹی کا نام چرایا ہے اس لیئے ہم  اپنی پارٹی کے نام اور  پہچان کا دفاع ہر قانونی اور عوامی  فورم پر کریں گے کیونکہ یہ ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے ۔

استحکام پاکستان تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ حکم خدا کا،آزادی قانون کی اور حق سب کا،ہمارا منشور ہے۔ہماری جماعت آئندہ انتخابات میں ملک کے تمام حلقوں میں امیدوار لائے گی اور ایسے امیدوار نامزد کیئے جائیں گے جو حقیقی معنوں میں عوام کے نمائندے ہوں۔

 انہوں نے کہا کے جہانگیر ترین کی پارٹی کے مقابلہ میں ہر جگہ ہر صورت امیدوار کھڑے کریں گے اور مستحکم پاکستان کے حصول تک اپنی جدوجہد  جاری رکھیں گے ۔