سیالکوٹ،7نومبر(اے پی پی): چیئرمین ٹیوٹا (ر) بریگیڈئیر محمد ساجد کھوکھر سےسیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعبدالغفور ملک نے سیالکوٹ چیمبر آفس میں ملاقات کی ،جس میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر چیمبر نے ٹیوٹا کی جانب سے 2023میں منعقدہ ٹیوٹا جابز افئیر کے کامیاب انعقاد پر صوبائی سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ انہوں نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے انعقاد سے انڈسٹری میں پائی جانے والی ہنر مند افراد کی کمی کو پو را کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر چیمبر نے کہا کہ انڈسٹریل فیلڈز میں و رکرز کی عدم دستیابی ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، ایسے حالات میں ٹیوٹا اتھارٹی کو چاہیئے کہ مخصوص ٹیکنیکل کورسز متعارف کروائیں تاکہ فارغ التحصیل طلباو طالبات لوکل انڈسٹری کے لیے کارآمد ثابت ہو سکیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی میں ہماری انڈسٹری کو مضبوط مواصلات ، ہنر مند افراد ،کمپیوٹر لٹریسی سے ہم آہنگ ، سپورٹس اینڈ فیشن وئیر ،سلائی کڑھائی کے ہنر مند افراد ،پیٹرن ماسٹر ، سرجیکل انڈسٹری کیلئے چمڑے کی فیلڈ میں پالش کے کاریگر اور کام کرنے والے ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے۔
چیئر مین ٹیوٹا (ر) بریگیڈئیر محمد ساجد کھوکھر کا کہنا تھا کہ حقیقت میں بہت سے ورکرز جو ملازمتوں کے حصول کے لیے انڈسٹر یز میں آتے ہیں وہ جدید ٹیکنالوجی اور اعلی مہارت کے حامل کارخانوں اور فیکٹر یوں میں کام کرنے کی اہلیت سے عاری ہوتے ہیں ۔
ملاقات کے دوران چیئرمین ٹیوٹا (ر) بریگیڈئیر محمد ساجد کھوکھر نے ڈائریکٹر ٹیوٹا طاہر محمود سیالکوٹ و نارووال کی بزنس کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور سیالکوٹ چیمبر سے قریبی روابط پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ تاجر برادری اور ٹیوٹا مینجمنٹ ٹیم بیروز گار افراد کو باعزت روزگار فراہم کرے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ فنی تعلیم کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گےاور جس کی مدد سے ہنر مند نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل تعریف ہے کہ ٹیوٹا نوجوان نسل کو فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم دے کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)محمد ساجد کھوکھر نے صدر چیمبر کو ٹیوٹا میں جاری تربیتی کورسز کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران سنیئر نائب صدر چیمبر وہب جہانگیر ، نائب صدر عامر مجید شیخ ، سنیئر ڈائریکٹر ٹیوٹا اختر عباس بروانہ اورڈائریکٹر سیالکوٹ ونارووال طاہر محمود موجود تھے ۔