ڈیرہ غازی خان؛ آر پی او کیجانب سے کھلی کچہری، سائلین کے مسائل حل کیے گئے

65

ڈیرہ غازی خان،02 نومبر(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے آر پی او نے ریجنل پولیس آفس میں چاروں اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور اور لیہ سے آنے والے سائلین کی درخواستوں کی سماعت کر کےموقع پر متعلقہ ڈسٹرکٹ افسران کو مسائل کے فوری حل کے لیئے  بذریعہ فون حسب ضابطہ کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر آر پی او کا کہنا تھا کہ میرے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، کسی کو کسی سفارش کی ضرورت نہیں اور شہری کسی بھی سلسلے میں مجھ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں سماعت کی گئی سائلین کی تمام درخواستوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرکے  جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی دادرسی اور انصاف کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔