ڈیرہ غازی خان؛ میرج ایکٹ کے تحت کارروائیاں تیز ،103میرج ہالز کے 1257معائنے

40

ڈیرہ غازی خان، 18 نومبر(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں میرج ایکٹ کے تحت کارروائیوں کو تیز کرد یاگیاہے گزشتہ روز  ون ڈش کی خلاف ورزی پر ایک میرج ہال کو سربمہر کردیا گیا اور دو کے خلاف مقدمات درج کرکے تین لاکھ پندرہ ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔اس حوالے سے افسران نے ڈویژن کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور راجن پور میں 103میرج ہالز کے 1257معائنے کیے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈپٹی کمشنرز  سے بات کرتے ہوئے  کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز  تمام میرج ہال، مارکیز اور دیگر مقامات کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمات، گرفتاریاں اور کاروباری مراکز سربمہر کر کے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔ اس سلسلے میں گزشتہ شب اسسٹنٹ کمشنرصدر عثمان غنی نے شہر کے مختلف میرج کلبز کے معائنے کیے اور ون ڈش،وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات دیں۔