کوئٹہ ؛ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو حب کا مشرقی بائی پاس پراجیکٹ سائٹ اورساکران روڈ کا دورہ

59

 

کوئٹہ،01 نومبر (اے پی پی):ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو حب نے فیلڈ افسران کے ہمراہ بدھ کو حب مشرقی بائی پاس پراجیکٹ سائٹ اورساکران روڈ کا دورہ کیا۔زیر تکمیل حب بائی پاس لنک روڈ کےترقیاتی کام کا معائنہ کیامزرقی بائی پا س پل کے تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل اورساکران روڈ کے ارتھ ورک کی بحالی پر جاری کام کو تسلی بخش قراردیا۔

 بعدازاں اپنے دفتر میں ایکسیئن محکمہ مواصلات و تعمیرات حب جمال بگٹی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی کے تحت مفاد عامہ میں مشرقی بائی پاس پل کا تعمیراتی کام جنگی بنیادوں پرمکمل کرلیا گیاہے۔ آرسی ڈی ہائی وے سے لنک مشرقی بائی پاس پل کو ہائیکورٹ کی آئندہ سماعت سے قبل ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔

 انہوں نے بتایا کہ حب ندی پل کے تعمیراتی کام پر عدم پیشرفت کی وجہ سے عوام الناس کو مشکلات کا سامنارہا ہے۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات پر ساکران روڈ کی ارتھ ورک کا کام بھی جاری ہے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فنڈز اجراءکے بعد ساکران روڈ کی بلیک ٹاپنگ کاتعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔

ایکسئین محکمہ مواصلات وتعمیرات حب نے بتایا کہ مشرقی بائی ہاس پل اورساکران روڈ منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی ہے۔مشرقی بائی پاس پل سے ملحقہ لنک روڈکے تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے محکمے کے انجینئرز تندہی سے کام کررہے ہیں ،پراجیکٹ کی کامیابی اورٹیکنیکل ایشوز حل کرنے کیلئے انتظامیہ بھرپور سپورٹ کررہی ہے،آیکسئن سی اینڈ ڈبلیو جمال بگٹی کا حب بائی پاس منصوبے کے بارے میں کہنا ہے کہ مشرقی بائی پاس سے ساکران تک پانچ کلومیٹر روڈ کا 98 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔

بائی پاس پل کے مین آرسی ڈی شاہراہ سے لنک روڈ کی پختگی جلد شروع کی جائیگی۔ایکسئین جمال بگٹی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے انڈسٹریل ٹاﺅن کے صنعت کاروں کو ٹریفک کا متبادل روٹ میسر ہوگا اورزرعی علاقہ ساکران سے فارم ٹومارکیٹ لنک روڈ کی سہولت سے علاقہ عوام مستفید ہونگے۔