قائداعظم کے دیئے گئے بنیادی اصولوں میں ہی ترقی کے راز پوشیدہ ہیں؛مرتضیٰ سولنگی

39

اسلام آباد،25دسمبر(اے پی پی ):  نگران وفاقی وزیر اطلاعات و  نشریات  مرتضیٰ سولنگی  نے کہا ہے کہ قائداعظم ہمیشہ قانون کی حکمرانی، پرامن سیاسی جدوجہد اور جمہوریت پر یقن رکھتے تھے اور  آج بھی ہماری تمام مشکلات کا حل جمہوریت، مذاکرات اور قانون کی حکمرانی میں ہی پوشیدہ  ہے۔

یوم قائدکے حوالے سے  فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے   نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے دیئے گئے بنیادی اصولوں میں ہی ترقی کے راز پوشیدہ ہیں اور  ان پر  موثر عمل درآمد سے ہی اپنی مشکلات پر قابو پاتے ہوئے  ملک  کو ترقی اور خوشحالی  کی  راہوں پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا  کہ قائداعظم کی تعلیمات کے مطابق تمام شہری برابری کا درجہ رکھتے ہیں  اور ان کی تعلیمات کے مطابق زبان ، عقیدے یا سماجی و معاشی حیثیت کے بجائے شہریوں کی اپنے ملک و قوم  کے لیے خدمات ذیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے  کہا کہ قائد اعظم قوم کو تفرقہ بازی سے دور رکھنا چاہتے تھے اور  پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے ، آج بھی ہمارے تمام سیاسی و سماجی مسائل کا حل پرامن مذاکرات  ، آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے، اس حوالے سے قائداعظم کی 11 اگست 1947ءکی تقریر ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا  کہ پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، ہمارا آئین وفاقی جمہوریت پر مبنی ہے اور موجودہ نگران حکومت آئین کے آرٹیکل 224 کی پیداوار ہے ، 8 فروری 2024ءکو جب انتخابات ہوں گے تو یہ ملک اپنی منزل کی طرف چلے گا۔

وفاقی وزیر نے تقریری مقابلے میں شرکت  کرنے والے بچوں کو مبارکباد دی  اور ان کی کاوش کو سراہا ۔