دورہ نیوزی لینڈ ، پاکستان کیلئے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں فائدہ مند ہوگا؛فخر زمان

14

آکلینڈ،10 جنوری(اے پی پی ):  دورہ نیوزی لینڈ پر موجود پاکستانی بیٹسمین فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز ایک سخت سیریز ہوگی اور امید ہے کہ سب میچز بہت کانٹے دار ہوں گے، اس سیریز سے پاکستان کو ورلڈ کپ کی تیاریوں میں فائدہ ہوگا ۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس  سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔فخر زمان نے کہا کہ شاہین آفریدی میں لیڈر شپ کی خصوصیات ہیں، دعا ہے کہ وہ  بطور کپتان ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروائے۔  انکا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل نئے لڑکوں کو بھی مواقع فراہم کرنے چاہیے۔

فخر زمان نے کہا کہ بابر اور رضوان کی جگہ لینا آسان نہیں،  ہماری ٹی ٹونٹی کی ٹیم مجموعی طور پر ہمیشہ سے مضبوط رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے لڑکوں کو تھوڑا زیادہ وقت دینے کی ضرورت ہے، موجودہ ٹیم کو آگے لے کر چلا جائے تو مستقبل میں مزید بہتری نظر آئے گی۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ میں ٹیم میں اپنی موجودگی کو خود کے لیے خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ اگر اوپننگ میں جگہ نہیں بن رہی تو ٹیم کے لئے کسی بھی نمبر پر کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹنگ نمبر پر تبدیلی کو قربانی نہیں سمجھتا اگر ٹیم کے لئے میرا چھٹا ساتواں نمبر بھی ہو تو توجہ اپنی کارکردگی پر رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ میری ہر میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی خواہش ہوتی ہے۔