چپلی کباب، پشاور کی مرغوب غذا

50

پشاور، 17 جنوری(اے پی پی): چپلی کباب یوں تو خیبر پختونخوا میں جگہ جگہ بنائے جاتے ہیں لیکن پشاور کے چپلی کباب ملک بھر کے علاوہ دنیا بھر میں اپنی لذت اور ذائقے کے لئے مشہور ہیں۔

 پشاور کے ہر بازار، فوڈ سٹریٹ اور شہر سے باہر ہر گاؤں میں چپلی کباب کی کڑاہی ضرور ہوتی ہے۔چپل کباب کے بننے کی خوشبو نہ صرف مقامی افراد بلکہ باہر سے آنے والوں کو بھی اپنی طرف کھینچتی ہے۔

موسم سرما میں پشاور کے کھانے بغیر چپلی کباب کے نامکمل ہوتے ہیں۔ دارالحکومت پشاور کی قصہ خوانی، چوک یادگار، شعبہ بازار، نوتھیہ روڈ اور فردوس، نمک منڈی، حیات آباد کے چپلی کبابوں کا جواب نہیں، جن کے بننے کی مہک وہاں سے گزرنے والوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔

پشاور کے بعد تخت بائی، تارو جبہ، مردان میں مایار، شنکر اور ضلع صوابی میں رشکئی، کالو خان اور شہباز گڑھی کے چپل کباب ذائقے میں اپنی مثال آپ ہیں جبکہ اندرون و بیرون ملک سے سیاح کباب کھانے کیلئے پشاور کا رخ کرتے ہیں۔

چپلی کباب سارا سال کھائے جاتے ہیں لیکن سردی کے موسم کی آمد کے ساتھ ہی اس کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ صوبہ میں اس کی پسندیدگی کا یہ عالم ہے کہ بیمار لوگ بھی اس موسم میں تھوڑی بہت بدپرہیزی کر لیتے ہیں ۔

چپلی کباب کی تیاری میں قیمہ اور پیاز جس قدر باریک ہوں گے کباب اتنا ہی عمدہ بنے گا جبکہ سپیشل آرڈر پر تیار کئے جانے والے کبابوں میں انڈوں کا اضافہ کر دیا جاتا ہے، جس کے بعد اسے  چربی جسے پشتو میں ڈل کہا جاتا ہے اس میں تلا جاتا ہے اور چربی میں تلے جانے کی وجہ سے ہی کباب زیادہ ذائقے دار یا چٹخارے دار بنتا ہے۔