اسلام آباد، 02 فروری (اے پی پی): ملک کی ترقی اور نظام کو بہتر اور مربوط انداز میں چلانے کےلیے نوجوانوں کو مل جل کر کام کرنے اور محنت کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے جیسی عادتوں کو اپنانا ہو گا کیونکہ ہر فرد اور ادارہ ایک دوسرے پر انحصار کرتا ہے اور مل جل کرہی ریاست کے امور بہتر انداز میں سر انجام دئیے جاتے ہیں ۔ آج سول سروس اکیڈمی (CSA) کے 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات عمران سکندر کا کہنا تھا کہ ہر وہ پروجیکٹ جو آپ دیکھتے ہیں وہ بہت سے لوگوں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہوتا ہے ، کسی نے ان پراجیکٹس کی منصوبہ بندی کی، کسی نے اس پر عمل کیا یا رابطہ کاری کا کام کیا تو کسی نے ان تمام امور کا آڈٹ اور مانیٹرنگ کی ، اسطرح ایک سسٹم میں شامل تمام افراد معاشرے کی تخلیق میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب آئندہ ذمہ دار عہدوں پر فائز ہوں گے جہاں آپ کو منصوبہ بندی، مالیاتی انتظام و انصرام ، پروکیورمنٹ ، اسٹیبلشمنٹ اور ہیومن ریسورس جیسے شعبوں کے معاملات سے سابقہ ہو گا اس لیے آپ کو ان تمام امور سے متعلق مہارت حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہیے تا کہ عملی زندگی میں آپ ان مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے درست فیصلے کر سکیں۔











