سکھر،02فروری(اے پی پی): آئی بی اے یونیورسٹی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے طلبہ اور اساتذہ نے ریلی نکالی۔ طلبا و طالبات نے کشمیری عوام کے خلاف دہشت گردی اور جنگی جرائم کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کا اظہار کیا،تقریب میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
طلباء، اساتذہ، عملہ اور میڈیا کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کی ممتاز وکیل محترمہ مشال ملک نے ایک پر جوش تقریر کی،انہوں نے کشمیر میں جاری ظلم و بربریت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ کشمیری بھائی مشکل میں ہیں، یہ تقریب ہمارے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظہر ہے، ہم صرف آج کے دن نہیں لیکن ہر دن اپنے کشمیری بھائیوں کا درد محسوس کرتے ہیں اور کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر پرو وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ نے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔











