یوم کشمیر کی مناسبت سے انٹر سکول آرٹ مقابلہ کا انعقاد

26

کراچی۔ 02 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی)نے قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ (کیو ایم ایم بی)کے تعاون سے یوم کشمیر منایا۔ اس حوالے سے جمعہ کو قائد اعظم مزار کراچی پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

 تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ  ارم تنویر نے بطور مہمان خصوصی اشرکت کی۔ انٹرا سکول آرٹ مقابلہ پروگرام کا مقصد کشمیر اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرناہے۔ آرٹ ورک کے مقابلے میں مختلف بچوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پراپنے خطاب میں مہمان خصوصی  ارم تنویر نے اس طرح کی تقریبات کی تعریف کی اور پراثر تقریب کے انعقاد پر ڈی ای ایم پی اور کیو ایم ایم بی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے سے چھوٹے بچوں کو آگاہی ملتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔

 انہوں نے  کہا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے حل کی قراردادیں منظور ہو چکی ہیں  اور اس مسئلے کو اسی کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔  تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای ایم پی  مہرین نے بھی شرکت کی اور مہمان خصوصی کو طلبا کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔ مہمان خصوصی نے آرٹ ورک ڈسپلے کا دورہ کیا اور تمام طلبا کی کاوشوں کو سراہا۔  ارم تنویر نے ٹاپ تھری طلبا میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔