سرگودھا، 27 مارچ(اے پی پی) :پولیس ٹریننگ سکول میں 93ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔اس بیچ میں 908 جوانوں نے اپنی ابتدائی تربیت مکمل کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی آر پی او شارق کمال صدیقی اور پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
آر پی او شارق کمال صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ عملی تربیت کے بعد آپ کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی جن کو اسی جوش و جذبے سے پورا کرنا آپ کی قابلیت کا امتحان ہوگا اور کہ اکہ امید ہے کی آپ اپنی لگن اور دیانت سے محکمہ پولیس کا نام روشن کریں گے ۔
پرنسپل ڈاکٹر انعم فریال نے سپاسنامہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ سمسٹر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جوانوں کو جسمانی مہارتوں کےساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تفتیش کے دوران بطور فرسٹ ریسپانڈر ذمہ داریاں اور اخلاقی تربیت فراہم کی گئی ہے ۔
تقریب میں ا چھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ سلامی کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا کمانڈو دستے کی آمد نے ماحول کو گرما دیا اور فضا نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر انعم فریال کی طرف سے مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اعلیٰ افسران پولیس، پریڈ میں شامل جوانوں کے عزیز و اقارب، میڈیا نمائندگان نے شرکت کی ۔