وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کے پی ٹی ہیڈ آفس کا دورہ، متعلقہ حکام سے ادارے سے متعلق بریفنگ لی

32

کراچی، 26 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور  قیصر احمد شیخ نے بطور وفاقی وزیرِبحری امور چارج سنبھالنے کے بعد کے پی ٹی ہیڈ آفس کا پہلا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر چیئرمین کے پی ٹی سیدین رضا زیدی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے تعارفی اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی سیکرٹری ارام انجم خان،کے پی ٹی ٹرسٹی آصف نثار وہرہ اور کے پی ٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو کے پی ٹی  کے آپریشنز، زیرِ تعمیر اور مستقبل کے منصوبوں سمیت کے پی ٹی کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی۔

دورہ کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کے پی ٹی کو درپیش دیرینہ مسائل کوفی الفور حل کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین کے پی ٹی سیدین رضا زیدی نے بندرگاہ کی کارکردگی کو بڑھانے اور کلیدی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔

سیدین رضا زیدی نے کے پی ٹی کی جدید کاری اور ترقی کی کوششوں کا ایک جائزہ پیش کیا۔ بات چیت کے دوران کے پی ٹی کے جاری اور مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے منصوبوں جیسے کہ ایل این جی کمپلیکس، ہاربر کراسنگ برج، کارگو ولیج اور انڈسٹریل ولیج وغیرہ جیسے میگا پروجیکٹس شامل تھے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرقیصر احمد شیخ  نے کے پی ٹی کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں کراچی پورٹ ٹرسٹ کو معروف عالمی بندرگاہ کے طور پر جگہ دے گی۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ سیدین رضا زیدی نے وفاقی وزیرِبحری امور قیصر احمد شیخ  کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔