پشاور؛ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایف سی ہیڈ کوارٹر آمد،ایف سی کو مزید موثر فورس بنانے کا عزم

0

پشاور،29مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری  (ایف سی) ہیڈ کوارٹر آمد،کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا اور ایف سی کے افسران سے تعارف کرایا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی اور شہدائے وطن کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے  قیام امن کےلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس بھی منعقد ہوا۔کمانڈنٹ ایف سی نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف سی کو مزید موثر فورس بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے،اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے،دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن  عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔