پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول اور مراعات فراہم کی جارہی ہیں,وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف

19

لاہور25مارچ:( اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف سے ترکیہ کے سفیرمہمت پیکاسی (Mehmet Pacaci) نے  ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ترک سفیر کی جانب سے مختلف شعبوں میں پنجاب حکومت کیساتھ تعاون بڑھانے کی یقین دہانی ہاؤسنگ،سیاحت،تعلیم،صحت اورووکیشنل ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں اشتراک کار فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات روزافزوں بلندی کی طرف گامزن ہیں۔دونوں ملکوں  کے درمیان تجارتی، معاشی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں اشتراک کار بڑھانے چاہتے ہیں۔ پاک ترکیہ تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہاؤسنگ،سیاحت، صحت،تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ترک سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ہر طرح کی سہولتیں دیں گے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول اور مراعات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی تیزرفتارترقی کے تجربے اورمہارت سے استفادہ کرناچاہتے ہیں۔اس موقع پر ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مثالی حیثیت رکھتا ہے۔پنجاب کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کریں گے۔ کمرشل قونصلرنوریتین دیمیر(NurettinDemir)، غضنفر محمودڈائریکٹر ایمبیسیڈورئل آفس،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔