کے پی کے وسائل سے سستی ترین بجلی بنائی جاسکتی ہے،مزمل اسلم

27

پشاور، 26مارچ(اے پی پی):مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کے پی کے وسائل سے سستی ترین بجلی بنائی جاسکتی ہے، اس مد میں صوبائی بجٹ پر کام کررہے ہیں۔سی پیک کے ٹرین اور سکھی کناری منصوبوں پر کام جاری ہے، چین نے سی پیک کی صورت میں  موقع دیا ہے جس سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پشاور میں چائنا ونڈو کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے وسائل سے سستی ترین بجلی بنائی جاسکتی ہے، اس مد میں صوبائی بجٹ پر کام کررہے ہیں،خیبر پختونخوا پر چھ سو تین ارب قرضہ ہے جو کل دو ارب ڈالر ہے جبکہ جی ڈی پی تیس ارب ڈالر ہے۔مزمل اسلم نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ زرمبادلہ صرف دس ارب ڈالر خیبر پختونخوا آرہا ہے۔ پاکستان کا قرضہ اسی ہزار ارب ہے جبکہ خیبر پختونخوا کا قرضہ آسان اور غیر ملکی ہے، لیکن   ڈالر کی وجہ سے خیبر پختونخوا کاقرضہ بڑھا ہے، تاہم پنجاب اور سندھ کا قرضہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے سنٹر کا مکمل جائزہ لیا اور متعلقہ سٹاف نے مشیر خزانہ کو چائنہ ونڈو بارے مکمل بریفنگ بھی دی۔مشیر خزانہ نے کہا کہ چینی کلچرل سنٹر کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، یہاں چینی زبان ،آئی ٹی اور دیگر کورسز کرائے جارہے ہیں کیونکہ چینی زبان سیکھنا وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے۔