تھیلیسیمیا کا عالمی دن: یونیورسٹی آف سرگودھا میں خصوصی واک اور بلڈ بینک کا انعقاد

32

 

سرگودھا (اے پی پی) یونیورسٹی آف سرگودھا میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی واک اور بلڈ بینک کا انعقاد کیا گیا۔

 واک یونیورسٹی لائبریری چوک سے شروع ہوئی اور کالج آف فارمیسی میں اختتام پذیر ہوئی۔ واک کی قیادت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی جبکہ اس موقع پر پروفیسرز،اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

واک کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں تھیلیسیمیا کے بارے میں معلوماتی پیغامات اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس میں مرض کی تشخیص اور علاج کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسمیا ایک خطرناک مرض ہے جس کو ختم کرنے کے لئے ہمیں اجتماعی شعور اور آگاہی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے شکار بچے ہماری خصوصی توجہ چاہتے ہیں جن کی زندگیوں کو ہم خون کا عطیہ دے کر بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند انسان کو اپنی زندگی میں خون کا عطیہ لازمی کرنا چاہیئے جس سے بہت سی قیمتی انسانی جانیں بچ سکتی ہیں اور تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کو ایک نئی زندگی ملتی ہے۔

وائس چانسلر نے کالج آف فارمیسی پہنچنے پر بلڈ کیمپ کا افتتاح کیا اور خون کا عطیہ کرنے والے طالب علموں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے جذبہ انسانی اور ہمدری کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے طالب علم وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں جو تعلیم و تحقیق کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔