وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں کپاس کی بحالی اولین ترجیح ہے؛ وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی

5

ملتان،02 مئی (اے پی پی ): وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں کپاس کی بحالی اولین ترجیح ہے ،  موجودہ حکومت نے خطہ جنوبی پنجاب کو کاٹن ویلی میں دوبارہ تبدیل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے ، ملکی معیشت کو سہارا صرف کپا س کی فصل ہی دے سکتی ہے ۔

ان خیالات  کا  اظہار  انہوں نے    جمعرات کو یہاں  کپاس کی فصل بارے تیسرے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا  کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ مقررکیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا رواں برس صوبہ پنجاب سے 65 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے حصول کا ہدف حاصل کیا جائے گا ،کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سبز انقلاب لانے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے  کہا  کہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کا عملہ ماہانہ شیڈول بناکر شیئر کرے تاکہ اس کے مطابق مانیڑنگ کی جاسکے اور کہا ڈویژنل وڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرائے جائیں ۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر محکمہ زراعت کی جاری کردہ ٹیکنیکل ایڈوائزری کے مطابق کاشتکاروں کی رہنمائی کرے اور صوبہ میں جاری کاٹن مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی متفرق ڈیوٹیاں ختم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  کپاس کے علاقوں میں فیلڈ سٹاف کی سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جارہی ہیں اور کاشتکاروں کی رہنمائی میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

 اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم،چوہدری ضیاالرحمان،چوہدری اسامہ فضل،اسامہ لغاری،زاہد اکرم نے شرکت کی۔