کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی واپسی کے لئے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں،ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند

74

کو ئٹہ 22 مئی (اے پی پی ) ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی واپسی کے لئے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں،اب تک 95 طلبہ نے خود کو رجسٹرڈ کرادیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز و زیر اعلیٰ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بلوچستان کابینہ نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے اصلاحاتی عمل پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے دونوں محکموں کے وزراءکو جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں شعبوں میں افسران اور اہلکاروں کی ترقی کو کارکردگی سے مشروط کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کے خاتمے اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کے بل 2024 کی منظوری بھی دے دی گئی کو ئٹہ کے بعد سبی میں بھی خواتین کے لئے پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے ۔

 انہوں نے بتا یا کہ سینیٹر کہدہ بابر کی جانب سے بلو چستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے سے متعلق سینیٹ میں قرارد اد کی کابینہ نے حمایت کی ہے ۔اس کے علا وہ وفاقی لیویز کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے صوبائی وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزراءسردار سرفراز ڈومکی، سردار عبدالرحمان کھیتران، نور محمد دمڑ بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نجی سکیورٹی کمپنیوں کی تجدیدی و اجرا ءفیس میں اضافہ،بلوچستان فرانزک سائنسز ایجنسی، بلوچستان فارمیسی کونسل کے قیام کی منظوری بھی کابینہ نے دے دی ہے۔

 ترجمان بلو چستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ کر غز ستان میں طلبہ کی واپسی کے لئے تمام وسائل بروے کار لا ئیں گئے اب تک بلو چستان حکومت کو 95 طالب علموں کے اعداد و شمار موصول ہوئے ہیں۔