سرگودھا۔22مئی (اے پی پی)ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر شائستہ وقارنے کہا ہے کہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 13 ہزار 1 سو 88 ایکڑ پر فش فارمنگ ہو رہی ہے جو صوبہ بھر میں فش فارمنگ میں نمایاں اہمیت رکھتی ہے جبکہ ضلع سرگودھا میں 12ہزار سے زائد ایکڑ پر فش فارمنگ کی جا رہی ہے اگر ہم لوگوں کو فش فارمنگ کی ترغیب دیں تو اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فش فارمنگ کے فروغ کے لئے فشریز ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیر اہتمام25مئی کو ایک سیمینار کا انعقادکیا جا رہا ہے جس میں لوگوں کو فش فارمنگ کی ترغیب دی جائے گی ۔
ڈاکٹر شائستہ وقار نے کہا کہ پاکستان میں مچھلی کھانے کا رجحان بہت کم ہے۔پاکستان میں ہر آدمی سالانہ صرف 2 کلو مچھلی کھاتا ہے جو کہ بہت کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذہنی نشونما کے لیے مچھلی بہت اہم ہے اس کے علاوہ یہ دل کی بیماریوں سے بھی بچاتی ہے فش پروٹین کا بھی ایک نہایت اہم ذریعہ ہے۔











