لاہور، 30 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرت سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے وفد نے ملاقات کی۔ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت کی موجودگی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے جنرل سیکرٹری اشتیاق احمد وڑائچ کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا ۔ چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے ، جمہوری روایات کے فروغ اور جمہوری نظام کی مضبوطی میں بھی وکلاء کا موثر کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وکلاء برادری کی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بار کو فراہم کردہ فنڈز کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ ڈسٹرکٹ بار گجرات کو فراہم کردہ گرانٹ سے وکلاء کو سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین وکلاء کیلئے علیحدہ بلڈنگ بنا کر بھی دیں گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ عام آدمی کو فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی ضروری ہے ۔ اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت جوڈیشل ریفارمز پر کام کر رہی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے گجرات بار کو گرانٹ کی فراہمی پر صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرت کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر گجرات بار کے جنرل سیکرٹری نے گرانٹ کی فراہمی پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا شکریہ ادا کیا۔











