کمشنر ملتان کی زیر صدارت اجلاس،مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات

13

ملتان،27 مئی(اے پی پی): مون سون سیزن کے پیش نظر ملتان ڈویژن میں پیشگی حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامیہ، ریسکیو، واسا، ویسٹ مینجمنٹ، میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل سمیت تمام متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مون سون کے متوقع چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

کمشنر عامر کریم خان نے واسا سمیت تمام سروسز اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ عید کے ایام میں شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے تمام اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے 12 نشیبی مقامات پر واسا کے مستقل کیمپس قائم کیے جائیں گے، جہاں پر ورکرز کو تعینات کیا جائے گا۔ واسا کو ہدایت کی گئی کہ سیوریج لائنز، گٹروں کی صفائی، ڈی سلٹنگ کے عمل کو فوری مکمل کیا جائے اور کوڑا کرکٹ اور فضلہ کو جلد از جلد تلف کیا جائے۔

تمام زونز میں مین ہول کورز کی موجودگی یقینی بنانے کے لیے ایریا انچارجز مقرر کئے جائیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ مین ہول کورز کی عدم دستیابی کی صورت میں کسی بھی جانی نقصان کا ذمہ دار متعلقہ سیکٹر انچارج ہوگا۔

اربن فلڈنگ مینجمنٹ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی گئی، جبکہ واسا، ریسکیو اور دیگر اداروں کو مشینری مکمل فعال رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور سیوریج سسٹمز کی مکمل انسپکشن کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈویژن بھر میں مون سون کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جن کی نگرانی ڈپٹی کمشنرز کریں گے۔ اجلاس میں کمشنر عامر کریم خان کو اربن فلڈنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے مون سون سے متعلق تیاریوں پر مفصل بریفنگ بھی پیش کی۔