حکومت پنجاب مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ، مذہبی آزادی اور مساوی حقوق فراہم کر رہی ہے: رمیش سنگھ اروڑہ

1

لاہور، 12 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بھٹہ چوک میں واقع بھٹی آرکیڈ میں ایسٹر گرانٹ 2025 کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں 100 مسیحی خاندانوں میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے گئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر نعیم شہزاد بھٹی، اقلیتی برادری کے نمائندگان، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا: “ایسٹر گرانٹ جیسے اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اقلیت دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہیں۔” انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ، مذہبی آزادی اور مساوی حقوق فراہم کر رہی ہے۔ رمیش سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ: “ہم اقلیتوں کو قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری اقلیتیں آج پہلے سے زیادہ محفوظ اور خودمختار ہیں۔” انہوں نے کہا کہ مینارٹی کارڈز، عبادت گاہوں کی بحالی و تعمیر کے فنڈز اور فلاحی منصوبے اقلیتوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب آئندہ بھی اقلیتوں کی فلاح و ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرتی رہے گی اور ان کی تمام شکایات و مسائل کو ذاتی دلچسپی کے ساتھ سنا جائے گا۔