صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی آمد

1

لاہور، 19 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فنی تعلیم کے فروغ اور بورڈ کی ورکنگ میں بہتری کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بورڈ کے اسیسمنٹ اور سرٹیفیکیشن سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن کی منظوری دی گئی، جبکہ بورڈ کی رقوم کو زیادہ منافع دینے والے بینک میں دوبارہ سرمایہ کاری کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔ مزید برآں، ڈیلی ویجڈ سٹاف کی اجرت میں اضافہ اور بورڈ ممبران کا اجلاس میں شرکت کا اعزازیہ 15 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی چیف سیکرٹری آفیسر کی ڈیلی ویجز پر ہائرنگ سمیت دیگر مالی و انتظامی معاملات کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض اداروں کی رجسٹریشن فیس، طلبہ کی امتحانی فیس، جرمانوں کی معافی اور دیگر معاملات بھی زیر غور آئے اور منظور کیے گئے۔ چوہدری شافع حسین نے ہدایت دی کہ امتحانی نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ایک مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا جائے اور امتحانات کی آن لائن نگرانی کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فنی اداروں کی لیبارٹریز اور کورسز کی اپ گریڈیشن سے طلبہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے،صرف جدید ہنر سے لیس نوجوان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بورڈ کے مالیاتی امور میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے آڈٹ کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر نے بورڈ کی ورکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے جامع تجاویز بھی طلب کیں۔ اجلاس کے دوران چیئرپرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سارہ رشید نے بورڈ کی ورکنگ، مالی، انتظامی اور امتحانی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال ایک لاکھ سے زائد طلباء پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت امتحانات میں شرکت کرتے ہیں۔