قصور, 06 جون (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر امن وامان کی صورت حال قائم رکھنے کےلیے ڈپٹی کمشنر عمران علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدعیسیٰ خاں کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مشترکہ فلیگ مارچ ڈی سی آفس سے شروع ہوکر اندرون شہر سے ہوتا ہوا کشمیر چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب، اسسٹنٹ کمشنر قصور اسفند یار، ڈی ایس پیز، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122ودیگر محکمہ جات بھی شامل تھے۔ فلیگ مارچ کا مقصدعیدالاضحی کے دوران سیکورٹی کو موثر بنانا اور امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔ فلیگ مارچ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر عمران علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قصور کی عوام نے ہمیشہ امن عامہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور عیدقرباں کے پُرمسرت موقع پر بھی تمام مکتبہ فکر کے لوگ ضلعی حکومت کیساتھ ملکر مثالی امن قائم رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر امن ومان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں ۔سماج دشمن عناصر کیخلاف تمام قانون نافذ کرنیوالے ادارے برسر پیکار ہیں۔ صفائی ستھرائی کے حوالے سے ڈی سی عمران کاکہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”ستھرا پنجاب” کے تحت ضلع بھر میں صفائی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، حکومت پنجاب کی ہدایت پر ویسٹ بیگز کی تقسیم کا عمل عید سے قبل مکمل کر لیا گیاہے اور صفائی کے عمل کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کے لیے ہر کلیکشن پوائنٹ پر ذمہ دار عملہ تعینات کیا گیا ہے جو نہ صرف آلائشیں اکٹھی کرے گا بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ علاقے میں چونا چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے باقاعدگی سے کیا جائے، شہریوں کی آگاہی اور تعاون کے لیے سوشل میڈیا، بینرز، پمفلٹس اور مقامی اعلانات کے ذریعے معلوماتی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، ڈی سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ جانوروں کی آلائشیں گلیوں یا خالی پلاٹوں میں پھینکنے سے گریزکریں اورانہیں دیے گئے ویسٹ بیگز میں ڈال کر قریبی کلیکشن پوائنٹ یا صفائی عملے کے حوالے کریں یہ مہم صرف حکومتی کوششوں سے کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام خود بھی اس میں اپنا بھرپور کردار ادا نہ کریں۔ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہر فرد کی یہ اخلاقی و شہری ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا حصہ ڈالے صفائی کے نظام کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو تمام کلیکشن پوائنٹس، ویسٹ بیگز کی ترسیل اور آلائشوں کی تلفی کے عمل پر کڑی نظر رکھے گاکسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں شہری فوری طور پر LWMCکی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کر سکتے ہیں عیدالاضحی کے تینوں ایام میں صفائی کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گااور تمام آلائشوں کو محفوظ طریقے سے لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا جائے گا۔