لاہور، 4 جون (اے پی پی): پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے وفد نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی، جس میں کبڈی کی ترقی، آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور باہمی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر افتخار حسین نے کی، جبکہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا غلام سرور، پنجاب ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر وحید، فنانس سیکرٹری خواجہ حسن رضا اور دیگر نمائندگان بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں اس سال دبئی میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کی تیاریوں، پاکستان کی شرکت، اور کبڈی کو بطور روایتی کھیل فروغ دینے کے اقدامات پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر کہا کہ کبڈی میں میرٹ اور نظم و ضبط کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کے نتیجے میں پاکستان نے 2020 میں پہلی بار بھارت کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا، جس پر انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں بھارت، ایران اور دیگر ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی، اور پاکستان اپنی شاندار کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس دوران پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے گزشتہ متنازعہ انتخابات پر بھی گفتگو ہوئی۔ فیڈریشن کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو اعتماد میں لیے بغیر کروائے گئے ان انتخابات کو خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی۔ متفقہ مشاورت سے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کی از سر نو تشکیل نو کی گئی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے بین الاقوامی روابط کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، اور کبڈی کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن افتخار حسین نے چوہدری شجاعت حسین اور ان کے خاندان کی کبڈی کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کبڈی کی ترقی کے لیے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے فیصلوں پر مکمل عمل کیا جائے گا اور دن رات محنت کی جائے گی۔ ملاقات میں شریک تمام عہدیداران نے کبڈی کے مستقبل کو روشن بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔