لاہور، 19 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی قیادت میں محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی کی عمارت میں ہینڈی کرافٹس شاپ قائم کر دی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور ذیشان رفیق کے ہمراہ شاپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی اور سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزراء کے ہمراہ شاپ کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی ہینڈی کرافٹس کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی عمارت میں ہینڈی کرافٹس شاپ کا قیام چوہدری شافع حسین کا شاندار کارنامہ ہے اور اس اقدام پر وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاپ کی اپ گریڈیشن کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ یہ پلیٹ فارم مقامی دستکاروں کے فن کو مزید فروغ دے سکے۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کی ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں اپنی انفرادیت کی پہچان رکھتی ہیں، اور اس شاپ کے قیام سے نہ صرف فن دستکاری کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی ہنر مندوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دستکاری کی صنعت کو مزید ترقی دینے کے لیے ایسے منصوبوں میں وسعت لائی جائے گی اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے تحت ہینڈی کرافٹس شاپ کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔