گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے نماز عید اپنے آبائی علاقے میں ادا کی، ملک کی سلامتی، شہداء و کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا

2

لاہور، 07 جون(اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عید الاضحی کی نماز اپنے آبائی گاؤں ڈھرنال میں ادا کی۔ نماز کے بعد انہوں نے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، امن و امان اور پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی، ساتھ ہی شہداء کے بلند درجات کی دعا بھی کی۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید الاضحیٰ کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ: “عید الاضحی ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے، سنتِ ابراہیمی ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے سب کچھ قربان کر دینا ایمان کی معراج ہے۔”انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے ارد گرد موجود غریب، نادار اور مستحق افراد کا خاص خیال رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کریں تاکہ حقیقی خوشی معاشرے کے ہر فرد تک پہنچ سکے۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا: “دعا ہے کہ ہمارا ملک امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے مصائب ختم کرے اور انہیں آزادی نصیب فرمائے۔”گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آج کے دن ہمیں ان شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا کہ سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے نہ صرف جانوروں کی قربانی کریں بلکہ دلوں کی نفرتوں کو بھی ختم کریں، اور محبت و اخوت کو فروغ دیں