خواجہ سلمان رفیق اور ڈاکٹر رضوان نصیر کا میو ہسپتال کا دورہ، زخمی ریسکیورز کی عیادت، واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم

13

لاہور، 11 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اچانک حادثے میں زخمی ہونے والے ریسکیورز کی عیادت کے لیے میو ہسپتال پہنچے۔ واقعہ بند روڈ پر واقع ایک گودام میں پیش آیا جہاں فائر فائٹنگ کے دوران عمارت گرنے سے ایک ریسکیور شہید اور چار زخمی ہو گئے تھے۔ اس موقع پر سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ہارون حامد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے زخمی اہلکاروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا اور شہید ریسکیور ناظم حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “فائر فائٹر ناظم حسین نے لوگوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی، وہ ہمارے ہیرو ہیں۔” وزیر صحت نے کہا کہ حکومت پنجاب ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت رسپانس دیا اور آگ پر قابو پا لیا گیا تھا جبکہ کولنگ کا عمل جاری تھا۔ اسی دوران عمارت اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں ایک ریسکیور شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ زخمی ریسکیورز کی شناخت طیب (عمر 40 سال)، جہانگیر (عمر 36 سال) اور شعیب (عمر 28 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق اور ڈاکٹر رضوان نصیر نے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔