لاہور، 10 جولائی (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پنجاب دانش سکول اتھارٹی کا فل بورڈ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈی دانش سکولز احمر ملک نے ادارے کی سالانہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں تونسہ اور منکیرہ میں 4 نئے دانش سکولز کے قیام اور چکوال و پیر محل میں سینٹرز آف ایکسیلنس کے آغاز کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ پھول نگر،ضلع قصور میں نیا سینٹرآف ایکسیلنس تعمیر کرنے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر تعلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکولزمیں صوبائی کوٹہ کے تحت بلوچ طلباء کی تعداد میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے دانش سنٹرز کا دائرہ کار بڑھانے اور سکولوں میں طلباء کی گنجائش میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ دانش سکولوں کا دائرہ شمالی اور وسطی پنجاب کے زیادہ آبادی والے علاقوں تک وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہونہار مگر کم وسائل رکھنے والے طلباء کو معیاری تعلیم تک رسائی مل سکے۔ وزیر تعلیم نے میانوالی، اٹک، ڈی جی خان، راجن پور اور وہاڑی کے دانش سکولوں میں نا مکمل سہولیات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کسی طالبعلم کو اعلیٰ تعلیم کے لیے مالی معاونت درکار ہو تواسے”ہونہاراسکالرشپ پروگرام” کے تحت سہولت دی جائے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ دانش سکولز میں داخلے کے لیے 1 سیٹ پر 17 درخواستیں آنا ادارے پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔











