وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت محکمہ زراعت کا اہم اجلاس،فیز ٹو منصوبوں کی منظوری

16

لاہور، 10 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت زراعت سے متعلق پراجیکٹس کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گرین ٹریکٹر اسکیم، ماڈل ایگریکلچر مال، ٹیوب ویل سولرائزیشن، ایگری ایجوئیٹ پروگرام، ویٹ سپورٹ اسکیم، سپر سیڈر فراہمی، سٹرس منصوبہ اور پوٹھوہار زرعی ترقیاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے متعدد منصوبوں کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے گندم کے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کی امدادی نرخوں پر فراہمی کے لئے پلان طلب کر لیا۔ اجلاس میں کسان کارڈ فیز 2 کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی۔ کسان کارڈ فیز 2 کے تحت 25 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکار ڈیزل، کھاد، بیج اور زرعی ادویات بلاسود قرض پر حاصل کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس سکیم میں پراسیسنگ فیس ختم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ فیز 2 کے دوران 6 لاکھ 28 ہزار کسانوں کو کسان کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت 20 ہزار سبسڈی والے ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے، جن کے لیےاگست سے درخواستیں وصول کی جائیں گی جبکہ ستمبر سے مینوفیکچرنگ اور ڈسٹریبیوشن کا عمل شروع ہوگا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ملتان، سرگودھا، بہاولپور اور ساہیوال میں ماڈل ایگریکلچر مالز جولائی میں فعال کر دیے جائیں گے جبکہ فیز 2 میں 10 مزید اضلاع میں ان منصوبوں کا آغاز ہوگا۔ ٹیوب ویل سولرائزیشن کے تحت اب تک 7,670 ٹیوب ویلز پر کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ ستمبر تک تمام منظور شدہ منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ پانچ سال میں پانچ لاکھ زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کو سپر سیڈرز، جدید زرعی مشینری، اور سستے قرضوں کی فراہمی کو ترجیح قرار دیتے ہوئے، چین کے تعاون سے مقامی زرعی مشینری کی تیاری کی ہدایت کی۔ پوٹھوہار خطے میں 500 منی ڈیمز اور 250 آبی ذخائر کی تعمیر کے علاوہ، پانی کی بچت کے لیے واٹر کورسز کی لائننگ کی منظوری بھی دی گئی۔ 1,000 لیزر لیولر سبسڈی پر دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ زیتون اور ادرک کی کاشت کے پائلٹ پراجیکٹس، ایگری ایکسٹینشن سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن، موبائل لیبز، فلوریکلچر ریسرچ سینٹر اور جی ایم او بیج کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات جاری رہیں گے۔