لاہور، 25 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس سوشل سیکیورٹی (پیسی) ہیڈ آفس میں منعقد ہوا، جس میں “مریم نواز راشن کارڈ” کی صوبے بھر کے ورکرز میں تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر پنجاب سوشل سیکیورٹی محمد علی، پنجاب بینک، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ ورکرز میں روزانہ کی بنیاد پر راشن کارڈز کی تقسیم جاری ہے، اور اب تک پیسی کے 22 ڈائریکٹوریٹس اس عمل میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 23 ہزار آؤٹ لیٹس/دکانوں پر اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دی جارہی ہے، جبکہ ہر تحصیل میں تقریباً 200 دکانیں ورکرز کو رعایتی نرخوں پر سامان فراہم کرنے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ جن فیکٹریوں میں ورکرز کی تعداد زیادہ ہے، وہاں پیسی افسران خود جا کر کارڈ تقسیم کر رہے ہیں تاکہ ورکرز کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز کی بائیو میٹرک رجسٹریشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیکٹری مالکان سے بات چیت کی جائے گی۔ صوبائی وزیر لیبر نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی سنجیدہ اور متحرک ہیں، اور ان کی ہدایت پر ہر سطح پر تیز رفتاری سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔