ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری میں بورڈ آف مینجمنٹ کا 31 واں اجلاس، انیستھیزیا ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی منظوری

17

لاہور، 31 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور میں بورڈ آف مینجمنٹ کا 31 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر محمد عثمان اختر، مینجمنٹ ایکسپرٹ محمد انور رشید، محمد شاہ جہان، پرنسپل کالج پروفیسر نبیلہ ریاض مرزا، ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ طیب طاہر، ایم ایس ڈاکٹر فرح حامد اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کالج کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اہم پیشرفت کے طور پر ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری میں انیستھیزیا ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ڈینٹل ہسپتال لاہور میں مریضوں کے لیے طبی سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہسپتال میں جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی تاکہ تشخیصی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو سہولت دینا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے، اور ڈی مونٹمورینسی کالج میں ڈاکٹروں کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔