ملتان 21 جولائی)اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت “سکھ دا ویہڑا” سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل کمشنر ریونیو، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستحکم خاندان ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔ خاندانی نظام کی مضبوطی ہی خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے۔ والدین اور بچوں کے درمیان ہم آہنگی معاشرتی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے جبکہ بکھرتے خاندان نسلوں پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “سکھ دا ویہڑا” سکیم خاندانوں کو بکھرنے سے بچانے کی سنجیدہ اور عملی کوشش ہے۔ اس منصوبے کے تحت طلاق کے قریب خاندانوں کیلئے پیشہ ورانہ کونسلنگ کا جامع نظام متعارف کروایا جائے گا، تاکہ رشتوں کو ٹوٹنے سے پہلے سنبھالا جا سکے۔
سکیم کے تحت الگ فیملی کورٹ قائم کی جائے گی اور ماہر فیملی و چائلڈ سائیکالوجسٹ کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ مکمل عمارت تعمیر کی جائے جس میں تمام ضروری سہولیات میسر ہوں تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام خاندانی تنازعات کا مؤثر حل فراہم کیا جا سکے۔











