آزاد کشمیر میں بارشیں،وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت رات گئے ہنگامی اجلاس

28

مظفرآباد،15 اگست(اے ): آزاد کشمیر میں بارشیں، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر  چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت رات گئے ایس ڈی ایم اے کنٹرول روم میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

دیاؤں کے قریب 35 فٹ کے دائرے میں آنے والی آبادی کو فوری طور پر دفعہ 144 کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور متاثرینِ بارش کو فوری مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا۔اجلاس میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ شہریوں کو فوری معاوضہ جات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،ممکنہ فلیش فلڈ اور بھارت کی آبی جارحیت کے خدشے پر دریاؤں کے بہاؤ کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ہٹیاں شہر میں دریائے جہلم کے بڑھتے پانی سے مقامی آبادی کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم، فلیش فلڈ سے گرنے والے مکانوں کے مکینوں کو عارضی رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔واٹر ریسورسز کی مانیٹرنگ کے لیے مظفرآباد میں ایمرجنسی چیک پوسٹ قائم کرنے کا حکم، شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے محکمہ اطلاعات کے ذریعے مؤثر ہیلتھ کمپین چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں دریاؤں کے گرد تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کا اعلان کیا گیا، نیلم میں پھنسے سیاحوں اور منقطع علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں،دریاؤں کے کنارے سیلفیاں لینے یا لکڑی پکڑنے والوں کے خلاف فوری کارروائی اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات جاری کی گئی۔