ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق کا پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی لودھراں کے مرکزی دفتر کا افتتاح

19

لودھراں ،06 اگست(اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی لودھراں کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا ۔

 اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن ، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی ، اسسٹنٹ کمشنر دنیاپور غلام مصطفیٰ جٹ ، سب ڈویژنل انفورسمنٹ افیسر(پیرا) مظہر عباس راں موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا کے قیام سے نہ صرف پرائس کنٹرول کو مؤثر بنایا جائے گا بلکہ مارکیٹوں، گلیوں اور بازاروں میں سے تجاوزات ختم کر کے خواتین کے لیے محفوظ ماحول کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت جہاں دکانداروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے وہیں ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا کے قیام سے ایک مربوط، منظم اور جدید نظام کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر علی بن طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس کو پولیس کی مکمل معاونت حاصل ہو گی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف ایک بڑا اقدام اٹھایا گیا ہے اور اس اقدام کا مقصد عوام کو استحصالی عناصر سے نجات دلانا اور قانون کی عمل داری کو ہر گلی کوچے، بازار اور ہر بستی تک یقینی بنانا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع لودھراں کی تینوں تحصیلوں میں پیرا اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں جنہیں جدید ڈیجیٹل آلات، گاڑیوں اور دیگر سہولتوں سے آراستہ کیا

جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیرا قانون کی عملداری کے لیے ضلع لودھراں میں ایک سب ڈویژنل انفورسمنٹ افیسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ 3 انفورسمنٹ افسران اور 2 انویسٹیگیشن افسران سمیت پیرا کے لیے 51 پولیس کانسٹیبل تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ایک ایک پیرا اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے پیرا فورس کے اہلکاروں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔