کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ، پاور لفٹر بہنوں کی قوم کو 79 ویں جشن آزادی پر مبارکباد

41

اسلام آباد، 13 اگست ( اے پی پی): عالمی سطح پر پاکستانی پرچم بلند کرنی والی کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ، پرائڈ آف پرفارمنس،  پاور لفٹر بہنوں نے پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

تینوں بہنوں، ٹوئنکل سہیل، سیبل سہیل، اور ویرونیکا سہیل، نے پاور لفٹنگ میں پاکستان کے لیے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 2024 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والی ایشین پیسیفک افریقن کمبائنڈ کلاسک اینڈ ایکوئپڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ سب سے بڑی بہن سیبل نے 52 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیا۔ انہوں نے کلاسک ایونٹ میں چار گولڈ میڈلز (اسکواٹ، بنچ پریس، ڈیڈ لفٹ، اور اوور آل) اور ایکوئپڈ ایونٹ میں ایک گولڈ میڈل جیتا، یعنی مجموعی طور پر پانچ گولڈ میڈلز۔

ویرونیکا سہیل نے 57 کلوگرام کیٹیگری میں مقابلہ کیا اور کلاسک ایونٹ میں چار گولڈ میڈلز (اسکواٹ، بنچ پریس، ڈیڈ لفٹ، اور اوور آل) اور ایکوئپڈ ایونٹ میں ایک گولڈ میڈل حاصل کیا، انہوں نے مجموعی طور پر پانچ گولڈ میڈلز حاصل کیے تھے۔

ٹوئنکل سہیل نے 84 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیا۔ وہ مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود اپنی کلاس میں کلین سویپ کرنے میں کامیاب رہیں، کلاسک ایونٹ میں چار گولڈ میڈلز (اسکواٹ، بنچ پریس، ڈیڈ لفٹ، اور اوور آل) اور ایکوئپڈ ایونٹ میں ایک گولڈ میڈل جیتا، یعنی مجموعی طور پر پانچ گولڈ میڈلز۔

یہ پہلا موقع تھا کہ تین سگی بہنوں نے ایک ہی بین الاقوامی پاور لفٹنگ ایونٹ میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر 15 گولڈ میڈلز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔