ملتان ،23 آگست(اے پی پی ): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ڈیرہ اڈہ چوک پر جدید بس شیڈ اور اسٹاپ کا افتتاح کر دیا۔ ریکارڈ مدت میں تعمیر ہونے والے شیڈ سے شہریوں کو جدید سفری سہولتیں میسر ہوں گی۔افتتاحی تقریب سے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر میں 22 جدید بس شیڈز کی تعمیر میں سے 3 مکمل کر لئے جبکہ، 9 ایم ڈی اے اور 10 نجی شعبہ مکمل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نشتر اسپتال اور ہیڈ نو بہار کے قریب بس شیڈز مکمل فنکشنل ہو کر شہریوں کو معیاری سہولت فراہم کر رہے ہیں۔50 لاکھ روپے سے تعمیر بس شیڈ مستقبل میں الیکٹرک بس روٹ سے بھی منسلک ہونگے۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ خطے کی ثقافت اور موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے بس شیڈز کا منفرد اور پائیدار ڈیزائن تیار کیا گیا۔ بس اسٹاپز شہری سہولتوں کا بنیادی جزو، عوام کو آرام دہ، محفوظ اور منظم سفری سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ جدید بس شیڈز شہری ترقی اور جدید اربنائزیشن کا مظہر ہیں۔عامر کریم خاں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں نئے بس شیڈز اور بس اسٹاپس کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے، عوامی سفر کو آسان اور معیاری بنایا جا ئے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایم ڈی اے و دیگر افسران موجود تھے۔