لندن،22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کرکے ان کو عملی شکل دینے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت،آئی ٹی،معدنیات،سیاحت اور قابل تجدید توانائی اہم شعبے ہیں جن میں بیرون ممالک سے سرمایہ کاری آ سکتی ہے،اقتصادی سرگرمیوں کے روڈ میپ میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہوگا،اس کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوپاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم،اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔لندن سے زوم پر ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک،وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک،وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب،وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے قابل عمل منصوبوں پر کام کیا جائے، زراعت،آئی ٹی، معدنیات، ٹورازم اور قابل تجدید توانائی اہم شعبے ہیں جن میں بیرون ممالک سے سرمایہ کاری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجارت کو بھی فروغ دینا ہماری پالیسی کا حصہ ہے،تاکہ ہماری درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزارتوں کو ٹارگٹ دئیے ہیں اور تمام زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔











