محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 36 واں اجلاس منعقدہوا

26

لاہور،29ستمبر(اے پی پی) محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 36 واں اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاک ساؤتھ افریقہ کرکٹ سیریز کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران پنجاب کے 7 اضلاع میں 36 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ کی جانب سے خصوصی کمیٹی کی تشکیل انتہائی خوش آئند ہے۔پاک ساؤتھ افریقہ کرکٹ سیریز کیلئے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات مصروف عمل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ قیدیوں کی پیرول پر رہائی کیلئے رولز کو مزید مؤثر اور قابل عمل بنا رہے ہیں۔صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد برتھ نے کہاکہ اگلے اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ہونے والے کرکٹ میچز کے انتظامات کیلئے پی سی بی سے کوآرڈی نیشن مزید بہتر بنائی جائے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پولیس چوہدری سلطان،سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل محکمہ داخلہ نے بھی شرکت کی۔راولپنڈی اور فیصل آباد سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔