ملتان،17 ستمبر (اے پی پی ):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے فلڈ ریلیف کیمپس میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر کمپنی کا بھاری مشینری اور عملہ فلڈ بندوں پر بھی متحرک ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر نے بستی لنگڑیال اور قاسم بیلہ کے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدالسّمیع شیخ کے ہمراہ سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سی ای او نے کہا کہ کمپنی کا عملہ ریلیف کیمپس میں صفائی ستھرائی، کھانے کی فراہمی اور دیگر ضروری خدمات انجام دے رہا ہے۔عبدالرزاق ڈوگر نے مزید بتایا کہ فلڈ بندوں کی اپ گریڈیشن اور بھرائی میں کمپنی کی مشینری نے دن رات کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر تمام فلڈ ریلیف کیمپس میں صفائی کے خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔











