اسلام آباد میں سموگ کے تدارک و ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اجلاس

16

اسلام آباد،13 اکتوبر ( اےپی پی): چیئرمین سی ڈی اے اور ڈی جی ای پی اے  نے اسلام آباد میں سموگ کے تدارک و ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے مشترکہ اجلاس کی صدارت  کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے متعدد اقدامات کا فیصلہ  کیا گیا۔

 چیئرمین سی ڈی اے  نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر ایک جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کریں گے، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد میں سموگ اور فضائی آلودگی میں کمی سمیت ماحولیاتی تحفظ اولین ترجیح ہے، ڈی سی اسلام آباد  نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سموگ میں کمی کے حوالے سے  ٹرانسپورٹ سیکٹر، اینٹوں کے بھٹوں سمیت شہر میں  انڈسٹریز کے حوالے سے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے  گاڑیوں کے کاربن اخراج کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں،  ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق گاڑیوں کے کاربن ٹیسٹ کا ڈیٹا براہ راست ڈیش بورڈ پر شیئر کیا جارہا ہے،  چیئرمین سی ڈی اے  نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کے دھوئیں کے اخراج کے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد میں مزید چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں،  دارالحکومت میں تمام بھٹوں اور انڈسٹریز کو جدید اور دوست ٹیکنالوجی پر منتقلی لازمی قرار دے دیا گیا  ۔ اینٹوں کے بھٹوں کو جدید زگ زگ ٹیکنالوجی اپنانے کیلئے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر  کی گئی ہے۔ 20 اکتوبر کے بعد زگ زگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائے جائے گی ۔ جدید ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے، مسلسل خلاف ورزی اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مسمار کیا جائے، آئی سی ٹی انتظامیہ راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ ملکر باؤنڈری  ایریاز میں واقع اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں،  چیئرمین سی ڈی اے  نے مزید کہا کہ کوڑے کرکٹ کو کھلی فضاء میں جلانے پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے، ترقیاتی منصوبوں سے اٹھنے والے گرد و غبار پر قابو پانے کیلئے تمام ترقیاتی منصوبوں کی سائٹس پر پانی کے چھڑکاؤ کے انتظام کو یقینی بنایا جائے، ان تمام منصوبوں کیلئے ای آئی اے میں درج تخفیفی اقدامات کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، سموگ کے تدارک و ماحولیاتی تحفظ کیلئے ای پی اے، آئی سی ٹی اور سی ڈی اے مؤثر کوآرڈینیشن اور ہم آہنگی کو یقینی بنائے،   ای پی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ گاڑیوں سے کاربن اخراج ٹیسٹ کیلئے دارالحکومت میں پانچ سرٹیفائیڈ لیبارٹریز  کام کر رہی ہیں، اسی طرح اینٹوں کے بھٹوں اور انڈسٹریز سے متعلق فضائی آلودگی کو قابو کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے حوالے سے سیکٹر H-8 میں ایک اسٹیشن کام کر رہا ہے جبکہ تین سے چار نئے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تنصیب کا منصوبہ جاری ہے۔

اجلاس میں سموگ و فضائی آلودگی پھیلانے والے دیگر اہم عوامل میں کوڑے کرکٹ کو فضا میں جلانا اور ترقیاتی منصوبوں سے اٹھنے والی گردوغبار سے متعلق اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔