واشنگٹن ڈی سی، 14 اکتوبر (اے پی پی ):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے سرکاری دورے کے پہلے دن واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
وزیرِ خزانہ اور ان کے وفد نے آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازعور اور ان کی ٹیم سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بات چیت کی اور اس عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے دوسرے جائزے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔











