واشنگٹن ڈی سی،14 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے سرکاری دورے کے پہلے دن سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے پاکستان کی معیشت میں استحکام اور اصلاحاتی عمل کی کامیابی پر روشنی ڈالی اور بین الاقوامی کریڈٹ ایجنسیوں کی جانب سے اس کی تصدیق کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل اور مالیاتی شعبوں میں سٹی بینک کی تجاویز پر غور کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیرِ خزانہ نے مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں، بشمول ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز، کو انٹرویوز بھی دیے۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر جناب رضوان سعید شیخ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔
واشنگٹن ڈی سی میں وزیرِ خزانہ کی مصروفیات پاکستان کے عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور معیشت کو پائیدار و جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کی عکاس ہیں۔











