شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ریسکیو 1122 ہمہ وقت تیار ہے ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر

9

ملتان ،03 اکتوبر(اے پی  پی ):  ماہ ستمبر میں آنے والے بدترین فلڈ کے دوران ریسکیو ملتان نے 150 کلو میٹر کے ایریا میں دریائے چناب اور دریائے ستلج میں آنے والے سیلاب میں دن رات کام کیا سیلاب کے آنے سے پہلے ممکنہ لوگوں کو اس علاقے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور دوران سیلاب بھی پہلے ملتان شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ میں ہزاروں افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا اور جیسے سیلابی پانی کچھ کم ہوا لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے ان کے گھروں میں ٹرانسپورٹیشن اور خوراک مہیا کی گئی۔ریسکیو 1122 ملتان کے 600 سے زائد اہلکاروں نے 201 کشتیوں کے ذریعے دن رات کام کرتے ہوئے تاریخ ساز خدمات سرانجام دیں اور اس دوران جلالپور پیروالہ سے 24,942 افراد اور 5,114 جانور، ملتان (سٹی و صدر) سے 9,304 افراد اور 2,998 جانور جبکہ شجاع آباد سے 5,348 افراد اور 900 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، یوں مجموعی طور پر 39,594 افراد اور 9,012 جانوروں کو کامیابی سے ریسکیو کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ریسکیو 1122 ہمہ وقت تیار ہے، جبکہ سیکرٹری ایمرجنسی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر اور ہیڈ کوارٹر لاہور کی ٹیموں نے بھی فلڈ ریسکیو آپریشن میں دن رات کام کیا، ہماری اولین ترجیح شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروس فراہم کرنا ہے لہٰذا شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایمرجنسی کی صورت میں 1122 ڈائل کریں، غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں اور ٹریفک قوانین خصوصاً ہیلمٹ کے استعمال اور تیز رفتاری سے پرہیز کو یقینی بنائیں۔