“عالمی یومِ شماریات” کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد

12

کراچی، 20 اکتوبر (اے پی پی):موثر گورننس اور پائیدار ترقی کیلئے شماریاتی اعداد و شمار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کراچی کی جانب سے پیر کے روز “عالمی یومِ شماریات”منایا گیا، جس کے تحت ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت چیف اسٹیٹیکل آفیسر اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر فراز مسلم نے کی،واک میں پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے ملازمین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا ء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درست اور معیاری ڈیٹا اکٹھا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے نعرے درج تھے۔ واک کا آغاز پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے علاقائی دفتر کراچی سے ہوا، جو کہ عوامی سطح پر شماریاتی شفافیت اور ڈیٹا کی سچائی سے وابستگی کا مظہر تھا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فراز مسلم  نے کہا کہ “شماریات صرف نمبرز نہیں ہوتے بلکہ یہ باخبر فیصلوں اور سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔” انہوں نے زور دیا کہ درست اور قابلِ بھروسہ ڈیٹا کے بغیر پالیسی سازی محض قیاس آرائی پر مبنی ہوتی ہے، جو عوام کی اصل ضروریات سے کٹی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ “عالمی یومِ شماریات منانے کا مقصد یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ بہتر ڈیٹا کا مطلب بہتر زندگی ہے۔” ان کے مطابق، مستند شماریاتی معلومات موثر حکمرانی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے ناگزیر ہیں۔ فرراز مسلم نے پی بی ایس کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ قومی مردم شماری، زرعی اور معاشی مردم شماری جیسے اہم منصوبے کامیابی سے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ متعدد جاری سروے نظامِ حکمرانی میں شفافیت اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری ہیں۔واضح رہے کہ “عالمی یومِ شماریات” ہر سال 20 اکتوبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے تاکہ ترقی کے لیے شماریاتی علم کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ پاکستان میں بھی اس دن کے موقع پر یہ عزم دہرایا گیا کہ ڈیٹا کو نہ تو نظر انداز کیا جائے گا، نہ ہی غلط استعمال یا پسِ پشت ڈالا جائے گا بلکہ اسے قومی ترقی کی منصوبہ بندی کا مرکزی جزو بنایا جائے گا۔