لودھراں، 20 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت متعارف کرائے گئے ای بزنس پورٹل کی کامیابی اور مؤثر عمل درآمد کے لیے ضلع لودھراں کی انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی زیر صدارت ای بزنس پورٹل پر محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس این اے راؤ ناصر نے نئے پورٹل پر درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم سے متعلق تمام ایشوز کو فوری طور پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا کہ شعبہ تعمیرات سے متعلق درخواستوں میں پائے جانے والے ابہامات کو فوری طور پر دور کیا جائے، تاکہ شہریوں کو ای بزنس پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ آن لائن سسٹم لوگوں کی پریشانیوں کے ازالے اور عوامی خدمت میں شفافیت کو یقینی بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم سے عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی اور شہریوں کو گھر بیٹھے بزنس سے متعلق سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل پنجاب وژن کی تکمیل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔











